سابق ایم این اے آغا محمود شاہ کے مسلم محلہ میں سرکاری واٹر سپلائی موجود، مگر اہلِ محلہ پانی سے محروم

0

قلات(زیبائے پاکستان ) سابق ایم این اے اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے موجودہ صوبائی جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ کے مسلم محلہ میں سرکاری واٹر سپلائی موجود ہونے کے باوجود بیشتر اہلِ محلہ کو پانی کی بنیادی سہولت میسر نہ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق واٹر سپلائی سے آغا محمود شاہ اور ان کے خاندان کے افراد کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر محلہ دار پانی کے حصول کے لیے ٹینکرز منگوا کر اپنی ضروریات پوری کرنے پر مجبور ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری واٹر سپلائی عوام کے لیے منظور کی گئی ہے اور اس منصوبے پر عوام کے پیسوں سے سرکاری وسائل خرچ ہوئے ہیں تو پھر اس کا فائدہ بلاامتیاز تمام اہلِ محلہ کو ملنا چاہیے۔ کسی مخصوص گھرانے یا چند افراد تک پانی کی فراہمی محدود رکھنا عوام کے بنیادی حق سے ناانصافی کے مترادف ہے۔
مقامی شہریوں نے شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندے اپنی تقاریر میں حقوق، مساوات، عوامی خدمت اور پڑوسیوں کے حقوق کی بات کرتے ہیں، لیکن اگر اپنے ہی محلے کے عام شہری پانی جیسی بنیادی نعمت سے محروم ہوں اور انہیں پیسے دے کر ٹینکر منگوانا پڑے تو یہ صورتحال کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دیتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی کسی فرد، خاندان یا سیاسی گروہ کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضرورت اور حق ہے۔ سرکاری واٹر سپلائی کسی ایک گھر یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ پوری آبادی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے قائم کی جاتی ہے۔ اس لیے متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ پانی کی تقسیم کا نظام شفاف، منصفانہ اور بلاامتیاز بنایا جائے۔
اہلِ محلہ نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مسلم محلہ کی واٹر سپلائی کا فوری معائنہ کیا جائے، پانی کی تقسیم کا ریکارڈ اور طریقہ کار سامنے لایا جائے اور اس بات کی وضاحت کی جائے کہ سرکاری واٹر سپلائی موجود ہونے کے باوجود عام محلہ دار پانی کے لیے ٹینکرز خریدنے پر کیوں مجبور ہیں۔
شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ اگر واٹر سپلائی کے نظام میں کوئی تکنیکی خرابی، پانی کی کمی یا انتظامی رکاوٹ ہے تو اسے فوری طور پر دور کیا جائے، اور اگر پانی کی تقسیم میں کسی قسم کی جانبداری یا غیر مساوی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے تو اس کا بھی نوٹس لیا جائے۔
اہلِ علاقہ کا سخت سوال ہے کہ اگر ایک عوامی نمائندے کے اپنے محلے میں عام شہری پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہوں تو قلات کے دیگر علاقوں کے عوام ان سے کیا توقع رکھ سکتے ہیں؟ عوامی نمائندگی کا اصل تقاضا یہ ہے کہ سرکاری وسائل اور بنیادی سہولیات ہر شہری تک بلاامتیاز پہنچیں، نہ کہ چند مخصوص افراد تک محدود رہیں۔
قلات کے شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور مسلم محلہ کے تمام رہائشیوں کو فوری اور منصفانہ بنیادوں پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.