اسلام آباد(زیبائے پاکستان)ملک میں سائبر حملوں سے بچاؤ کے ادارے نیشنل سرٹ نے واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایپ کے متعدد پرانے اور موجودہ ورژنز میں پانچ تکنیکی نقائص پائے گئے ہیں جن کا فائدہ اٹھا کر صارفین کے فون یا کمپیوٹر سے اہم فائلیں اڑائی جا سکتی ہیں اور چیٹ کا ریکارڈ بھی لیک ہو سکتا ہے۔
نیشنل سرٹ کے مطابق اس خطرے سے بچنے کا سب سے پہلا حل یہ ہے کہ تمام صارفین اپنے اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپس میں واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کا جائزہ لیں اور پرانے ورژنز ختم کر کے آفیشل اسٹور سے نیا ورژن انسٹال کریں۔
ہدایت نامے میں صارفین کو سختی سے منع کیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ یا تبدیل شدہ (Modded) ایپس استعمال نہ کریں جبکہ موبائل سیٹنگز میں جا کر تصاویر، ویڈیوز، وائس نوٹس اور دیگر فائلوں کی خودکار ڈاؤن لوڈنگ کو بھی مکمل بند کر دیں۔
کسی بھی انجان نمبر سے آنے والے اشتہاری لنکس یا جعلی آن لائن آرڈر کی تفصیلات کھولنے کے بجائے ایسے اکاؤنٹس کو فوری بلاک اور رپورٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
