بلوچستان میں صحافت کا محاصرہ اور جمہوری بیانیے کی آزمائش۔

0

تحریر: سید انور شاہ

بلوچستان کا پرنٹ میڈیا اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، جہاں حکومتی دباؤ کے ساتھ ساتھ فرینڈلی اپوزیشن کی خاموش تائید نے بھی صحافت کو بے سہارا بنا دیا ہے۔ ہر چند ماہ بعد صوبائی حکومت یا نام نہاد اپوزیشن کی جانب سے پرنٹ میڈیا کو کسی نہ کسی بہانے ہدفِ تنقید بنانا، اشتہارات کی بندش، بجٹ کے اجرا میں تاخیر اور پریس ایڈوانس کے ذریعے خبروں پر اثر انداز ہونے کی کوششیں، ایک منظم پالیسی کا حصہ محسوس ہوتی ہیں۔ اس صورتحال میں سب سے زیادہ افسوسناک کردار ان سیاسی قوتوں کا ہے جو خود کو اپوزیشن کہتی ہیں مگر حکومت کے ہر صحافت مخالف اقدام پر خاموش تماشائی بنی رہتی ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا یہ بیان کہ “اخبارات اب نہیں پڑھے جاتے اور ان کی اہمیت ختم ہو چکی ہے”، محض ایک رائے نہیں بلکہ ایک خطرناک سیاسی بیانیہ ہے جو پرنٹ میڈیا کو غیر متعلق ثابت کر کے اسے معاشی طور پر ختم کرنے کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ بلوچستان جیسے صوبے میں، جہاں ڈیجیٹل سہولیات محدود، بجلی نایاب اور انٹرنیٹ کی رسائی غیر یقینی ہے، اخبارات آج بھی عوام تک معلومات پہنچانے کا سب سے قابلِ اعتماد ذریعہ ہیں۔
ا آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (CPNE) نے درست طور پر نشاندہی کی ہے کہ اخبارات کی اہمیت کو کم ظاہر کرنا دراصل اشتہارات کی بندش اور صحافتی اداروں کے معاشی قتل کا جواز پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ سے انکار ممکن نہیں، لیکن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز آج بھی جعلی خبروں، غیر مصدقہ اطلاعات اور ریاستی و غیر ریاستی پروپیگنڈے کا سب سے بڑا میدان ہیں، جبکہ پرنٹ میڈیا اپنی ادارتی جانچ، تصدیق شدہ معلومات اور ذمہ دارانہ صحافت کے باعث عالمی سطح پر قابلِ اعتماد سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ مغربی دنیا، جو دہائیوں سے ہم سے صحافت میں آگے ہے، وہاں آج بھی پرنٹ میڈیا اپنی مثال آپ ہے۔ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس جیسے ممالک میں اخبارات نہ صرف عوامی رائے سازی کا بنیادی ذریعہ ہیں بلکہ ریاستی پالیسی، احتساب اور جمہوری مباحث کا محور بھی ہیں۔ نیویارک ٹائمز، گارڈین، لی مونڈ، ڈیر اشپیگل اور دیگر معتبر اخبارات آج بھی عالمی بیانیے پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پرنٹ میڈیا کا زوال ایک مصنوعی بیانیہ ہے، حقیقت نہیں۔
بلوچستان جیسے حساس اور پسماندہ صوبے میں اخبارات نے ہمیشہ شدت پسند بیانیوں، افواہوں اور گمراہ کن اطلاعات کے مقابلے میں اعتدال، شعور اور آگاہی کی شمع روشن رکھی ہے۔ ایسے میں پرنٹ میڈیا کو کمزور کرنا دراصل عوامی شعور، جمہوری اقدار اور ریاستی استحکام کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
یہاں سوال یہ بھی ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن اس پورے عمل پر کیوں خاموش ہے؟ اگر اپوزیشن واقعی جمہوریت اور آزادیِ اظہار کی داعی ہے تو اسے پرنٹ میڈیا کے خلاف اقدامات کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونا چاہیے تھا۔ مگر افسوس کہ اسمبلی فلور پر اخبارات کو ہدف بنانے کے عمل میں اپوزیشن کی خاموشی بھی ایک طرح کی شراکت داری ہے، جو جمہوری روایت کے لیے ایک خطرناک مثال قائم کر رہی ہے۔
حکومت اگر ڈیجیٹل میڈیا پالیسی لانا چاہتی ہے تو یہ ایک مثبت قدم ہو سکتا ہے، مگر اس پالیسی کو پرنٹ میڈیا کی قیمت پر نافذ کرنا دانشمندی نہیں بلکہ سیاسی کوتاہ اندیشی ہے۔ میڈیا پالیسی کی تشکیل میں اخباری مالکان، ایڈیٹرز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ پریس کلب اور ٹریڈ یونینز مالی و پالیسی معاملات کے فریق نہیں ہوتے۔ یکطرفہ فیصلے نہ صرف اخباری صنعت کو تباہ کریں گے بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان معلوماتی رابطے کو بھی کمزور کر دیں گے۔
جمہوری معاشروں میں آزاد پرنٹ میڈیا ریاست کا دشمن نہیں بلکہ ریاست کا ضمیر ہوتا ہے۔ بلوچستان حکومت اور نام نہاد اپوزیشن کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اخبارات کو دیوار سے لگانے کی کوئی بھی کوشش تاریخ کے سامنے سرخرو نہیں ہو سکتی۔ وقت کا تقاضا ہے کہ اخبارات کی ترویج، ترقی اور استحکام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ بلوچستان کے عوام تک مستند، درست اور ذمہ دارانہ معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور آزادیِ صحافت کو کسی صورت قربان نہ کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.