بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کی اہمیت کم کرنے کی کوشش قابلِ مذمت ہے،انورشاہ

0


کوئٹہ (زیبائے پاکستان )صدر پشتو، بلوچی برائیوی پرنٹ میڈیا اور بلوچستان ریجنل نیوز پیپرز ایڈیٹر کونسل سید انور شاہ نے گزشتہ روز وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اخبارات کی اہمیت کم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بیان غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہے، اور پرنٹ میڈیا کو معاشی طور پر ختم کرنے کی راہ ہموار کرنے والا ایک خطرناک سیاسی بیانیہ ہے۔سید انور شاہ نے کہا کہ بلوچستان کا پرنٹ میڈیا اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، جہاں حکومتی دباو کے ساتھ ساتھ فرینڈلی اپوزیشن کی خاموش تائید بھی صحافت کو بے سہارا بنا رہی ہے۔ ہر چند ماہ بعد پرنٹ میڈیا کو تنقید، اشتہارات کی ادائیگی اور بجٹ کے اجرا میں تاخیر اور پریس ایڈوانس کے ذریعے خبروں پر اثر انداز کرنے کی کوششیں ایک منظم پالیسی کا حصہ محسوس ہوتی ہیں۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ اپوزیشن حکومت کے صحافت مخالف اقدامات پر خاموش تماشائی بنی رہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان جیسے حساس اور پسماندہ صوبے میں، جہاں ڈیجیٹل سہولیات محدود، بجلی نایاب اور انٹرنیٹ کی رسائی غیر یقینی ہے، اخبارات آج بھی عوام تک معلومات پہنچانے کا سب سے قابل اعتماد ذریعہ ہیں۔ اخبارات کی اہمیت کو کم ظاہر کرنا دراصل اشتہارات کی بندش اور صحافتی اداروں کے معاشی قتل کا جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔ بقول ان کے پرنٹ میڈیا اپنی ادارتی جانچ، تصدیق شدہ معلومات اور ذمہ دارانہ صحافت کے باعث عالمی سطح پر قابلِ اعتماد ہے۔ یہ بلوچستان میں شدت پسند بیانیوں، افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے مقابلے میں اعتدال، شعور اور آگاہی کی شمع روشن رکھتا ہے۔ جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز آج بھی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کا بڑا میدان ہیں۔ سوشل میڈیا عارضی ہے، لیکن پرنٹ میڈیا مستند اور تحقیق شدہ معلومات فراہم کرتا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی کو پرنٹ میڈیا کی قیمت پر نافذ کرنا دانشمندی نہیں بلکہ سیاسی کوتاہ اندیشی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ فرینڈلی اپوزیشن کی خاموشی جمہوری روایت کے لیے خطرناک ہے۔ اگر واقعی جمہوریت اور آزادی اظہار کی داعی ہیں تو انہیں پرنٹ میڈیا کے تحفظ کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا پالیسی کی تشکیل میں اخباری مالکان اور ایڈیٹرز کو شامل کرنا لازمی ہے۔ یکطرفہ فیصلے اخباری صنعت کو تباہ اور حکومت و عوام کے درمیان معلوماتی رابطے کو کمزور کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اشتہارات کی پالیسی کے لئے بھی اقادمات ہونے چاہے جس میں ان اداروںص کو شامل نہ کیا جائے جن کے منشور میں ان اشتہارات سے لاتعلقی موجود ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزاد پرنٹ میڈیا ریاست کا ضمیر ہے، دشمن نہیں۔ اس کی کمزوری عوامی شعور، جمہوری اقدار اور ریاستی استحکام کو متاثر کرتی ہے۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اخبارات کی ترویج، ترقی اور استحکام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔صوبے کے دور دراز علاقوں تک مستند، درست اور ذمہ دارانہ معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اشتہارات کے بجٹ کا بروقت اجرا اور شفافیت کو یقینی اور پریس ایڈوانس کے ذریعے بلاجواز اثرات سے پرہیز کیا جائے۔ میڈیا اداروں کی مالی اور قانونی حمایت کی جائے تاکہ آزادی صحافت کو کسی صورت قربان نہ کیا جائے۔ بیان کے آ خر میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں پرنٹ میڈیا کی مضبوطی نہ صرف عوامی شعور اور جمہوری عمل کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ ریاستی استحکام اور ثقافتی بقا کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو اس کے تحفظ اور فروغ کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.