کوئٹہ(زیبائے پاکستان ) صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے سرانان بازار میں محنت کش مزدوروں پر فائرنگ کے افسوسناک اور دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کا قتل، کھلی سفاکیت اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ محنت کش مزدور اپنے بچوں اور خاندانوں کے لیے رزقِ حلال کمانے کی غرض سے روزانہ محنت اور مشقت کرتے ہیں۔ ایسے بے گناہ اور نہتے افراد کو نشانہ بنانا نہ صرف انتہائی افسوسناک بلکہ انسانیت کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ہاتھ اپنے خاندان کی کفالت، اپنے بچوں کے مستقبل اور معاشرے کی تعمیر کے لیے محنت کرتے ہیں، ان ہاتھوں پر گولیاں برسانا دہشت گردوں کی انتہائی بزدلی اور سفاک ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، علاقہ یا قوم نہیں ہوتی اور بے گناہ شہریوں، خصوصاً محنت کش طبقے کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ایسے بزدلانہ حملوں کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو خوفزدہ اور ان کے حوصلے پست کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی اور تشدد کے خلاف اتحاد، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ ریاستی ادارے اور عوام امن دشمن عناصر کے خلاف متحد ہیں اور دہشت گردی کی ہر شکل کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معصوم شہریوں کے خون کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ محنت کش طبقہ کسی بھی معاشرے اور معیشت کی بنیاد ہوتا ہے۔ مزدوروں کو نشانہ بنا کر نہ صرف ان کے خاندانوں کو معاشی اور ذہنی اذیت میں مبتلا کیا جاتا ہے بلکہ معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جاتی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
مینا مجید بلوچ نے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل اور کربناک گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی، خوشحالی اور اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کے خواہاں ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیاں ان کے اس عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ ان شاء اللہ بلوچستان میں امن و ترقی کا سفر جاری رہے گا اور صوبے کے عوام مل کر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف اپنی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
