قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پاک فوج کی کاروائی حق بجانب ہے۔،حلیم صادق

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مستحکم اور پرامن پاکستان ہی ہماری اولین ترجیح ہے اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے سرگرم بعض شرپسند عناصر نے ہمیشہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے جس کے باعث ملک کو بدامنی اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو ہمیشہ خطے میں امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کی پالیسی پر کاربند رہا ہے، مگر بدقسمتی سے افغانستان میں موجود بعض شدت پسند گروہوں کی سرپرستی اور ان کی پاکستان مخالف سرگرمیوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو متاثر کیا۔ انھوں نے کہا کہ افغان عوام ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ان کی میزبانی اور مدد کی، لیکن چند عناصر کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوئے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے واضح کیا کہ پاکستان کی حالیہ کارروائیاں کسی مسلمان ملک یا عوام کے خلاف نہیں بلکہ ان دہشت گرد عناصر کے خلاف ہیں جو پاکستان کی سرزمین پر خونریزی اور تخریب کاری میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کا آئینی و قانونی حق رکھتی ہے اور اس حق کا استعمال قومی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔ سیاسی جماعتوں، مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ قومی سلامتی کے معاملے پر ایک صفحے پر آئیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان کی سرزمین کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ باہمی مذاکرات اور سفارتی سطح پر سنجیدہ اقدامات کے ذریعے دیرپا حل تلاش کیا جائے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھے اور ملک کو استحکام و خوشحالی عطا فرمائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.