بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ کے اقدام کی مذمت

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) نے سیریس کرائم انویسٹیگیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) کی جانب سے چمن سے تعلق رکھنے والے صحافی حبیب اللہ کو نوٹس جاری کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کی سخت مذمت کی ہے۔
بی یو جے کے صدر منظور احمد، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایس سی آئی ڈبلیو کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی خبر کی تصدیق یا تردید کرے تاہم کسی صحافی سے اس کے خبر کے ذرائع پوچھنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے۔
بیان کے مطابق کوہ نور ٹی وی سے وابستہ صحافی حبیب اللہ کو ایس سی آئی ڈبلیو کوئٹہ کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں انہیں دو روز کے اندر پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ یہ نوٹس اس خبر کے تناظر میں جاری کیا گیا جو انہوں نے پولیس کارروائی سے متعلق اپنے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کی تھی۔ نوٹس میں ان سے خبر کے ذرائع پوچھنے کی کوشش کی گئی ہے۔


بی یو جے نے اس اقدام کو صحافی کو ہراساں کرنے اس پر دباؤ ڈالنے، قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں مداخلت قرار دیا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی صحافی کو اپنے ذرائع ظاہر کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی وہ اس کا پابند ہے۔
بی یو جے قیادت نے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور صحافی حبیب اللہ پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کو روکا جائے تاکہ آئندہ ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.