اشتہارات کے ریٹس میں 35 فیصد اضافہ، ریجنل اخبارات کا کوٹہ بھی 35 فیصد کرنے کا مطالبہ

اخبارات کو کی جانے والی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ آویزاں کیا جائے، ربجا وفد کی پی آئی او سے ملاقات

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان ) راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹ ایسوسی ایشن (ربجا) کے بانی قربان ستی، صدر سردار شاہد، جنرل سیکرٹری سید آصف ہمدانی، رانا زاہد حسین، چودھری شفیق اور دیگر عہدیداران نے متعدد ممبران کے ہمراہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران ربجا وفد نے ریجنل اور لوکل اخبارات کو درپیش مسائل سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے ریجنل و لوکل اخبارات کے سرکاری اشتہارات کے ریٹس میں 35 فیصد اضافہ کیا جائے۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی جانب سے ریٹس میں اضافے کا اعلان کیا جا چکا ہے، تاہم ناگزیر وجوہات کے باعث تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ چار سال کے دوران اخبارات کو کی جانے والی ادائیگیوں کا شفاف ریکارڈ، بالخصوص پی آئی ڈی نمبرز، چیک نمبرز اور تاریخِ اجرا پر مشتمل مکمل فہرست آویزاں کی جائے تاکہ ادائیگیوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
ربجا وفد نے ریجنل و لوکل اخبارات کے سرکاری اشتہارات کا کوٹہ 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ انفارمیشن کے شعبے میں اربوں روپے کی ادائیگیوں میں زیادہ تر حصہ الیکٹرانک میڈیا اور چند بڑے قومی اخبارات کو مل جاتا ہے، جبکہ ریجنل اور لوکل اخبارات کو ان کے واجبات کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ اس بار ریجنل اور لوکل اخبارات کے زیادہ سے زیادہ واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مالی مشکلات کا شکار علاقائی اخبارات اپنے ادارے اور صحافتی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے ربجا وفد کو یقین دلایا کہ جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں پی آئی ڈی افسر میڈم غزالہ عنبرین کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریجنل اخبارات کے مسائل کے حوالے سے فوری طور پر ورکنگ کی جائے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات تجویز کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.