
کوئٹہ/کراچی(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے شرح سود میں ایک فیصد اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پہلے ہی مشکلات کا شکار عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح پہلے ہی بلند سطح پر ہے اور ایسے میں شرح سود میں اضافہ نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرے گا بلکہ عام شہری کی زندگی کو بھی مزید مشکل بنا دے گا۔سید امان شاہ نے کہا کہ شرح سود میں اضافے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شدید متاثر ہوں گے، سرمایہ کاری میں کمی آئے گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں سے قرض لینے والے افراد اور صنعتکاروں کیلئے حالات مزید سخت ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں صنعتی پہیہ سست روی کا شکار ہوگا اور معیشت جمود کا شکار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام دوست معاشی پالیسیاں اختیار کرے اور ایسے فیصلوں سے گریز کرے جو براہِ راست عوام پر منفی اثرات مرتب کرتے ہوں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شرح سود میں اضافے کے فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور دیرپا اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
