امن و امان کی ناکامی کا ملبہ زمینداروں پر ڈالنا قابلِ قبول نہیں، زرعی بحران کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں: سینیٹر کامران مرتضیٰ

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان )جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے مستونگ میں باغات اور فصلات کی کٹائی سے متعلق وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کا قیام ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس کی ناکامی کا ملبہ زمینداروں پر ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمیندار پہلے ہی شدید زرعی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ خشک سالی، پانی کی قلت، زیرِ زمین پانی کی سطح میں کمی، غیر معمولی بارشوں اور قدرتی آفات نے زراعت اور باغبانی کے شعبے کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ بجلی، ڈیزل، کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے زمینداروں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے پھلوں اور سبزیوں کی سستی درآمد کے باعث مقامی پیداوار کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں اور زمیندار بعض اوقات اپنی فصلیں پیداواری لاگت سے بھی کم قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کو درآمدی پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے بلوچستان کے مقامی زمینداروں کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ پہلے ہی بحران کا شکار ہے، ایسے میں نئے ٹیکسز اور اضافی معاشی بوجھ ڈالنے کے بجائے زمینداروں کو ریلیف، سستی بجلی، پانی کی فراہمی، جدید آبپاشی نظام اور زرعی اجناس کی منافع بخش قیمتوں کی ضمانت دی جائے۔

جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر نے کہا کہ باغات اور فصلیں بلوچستان کی معیشت، روزگار اور دیہی آبادی کی بقا سے جڑی ہوئی ہیں۔ زرعی شعبے کی تباہی کے اثرات صرف زمینداروں تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ مزدوروں، ہاریوں، ٹرانسپورٹرز، آڑھتیوں اور دیگر متعلقہ شعبوں کو بھی شدید متاثر کریں گے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مستونگ سمیت بلوچستان بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، زمینداروں اور ان کے باغات و فصلات کو تحفظ فراہم کیا جائے اور زراعت سے متعلق کسی بھی اہم فیصلے سے قبل زمیندار تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے زمیندار امن، استحکام اور صوبے کی ترقی کے خواہاں ہیں؛ ان کے مسائل کا حل انتظامی دباؤ، یکطرفہ فیصلوں یا مزید ٹیکسز نہیں بلکہ جامع زرعی پالیسی، پانی کے مؤثر انتظام، مارکیٹ کے تحفظ اور کسان دوست اقدامات میں ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.