گوری خان کا 100 سال پرانا آبائی گھر اب پرتعیش ریزورٹ: ایک رات قیام کا کرایہ سامنے آگیا
ویب ڈیسک |
بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی اہلیہ اور معروف انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان نے اپنے خاندان کی تقریباً ایک صدی پرانی تاریخی جائیداد کو ایک جدید اور پرتعیش ریزورٹ کی شکل دے دی ہے۔ ایک نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق، گوری خان نے بھارت کے خوبصورت پہاڑی مقام ڈلہاؤسی میں واقع اپنے 1933 کے آبائی گھر کی ازسرِ نو تزئین و آرائش کی ہے۔
گوری خان، جنہوں نے انٹیریئر ڈیزائننگ کی دنیا میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے، اس بار ایک جذباتی منصوبے پر کام کیا ہے۔ 6 کمروں پر مشتمل اس شاندار ولا کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ یہاں آنے والے مہمان قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ شاہانہ طرزِ زندگی کا تجربہ بھی کر سکیں۔ یہ وہی مقام ہے جہاں گوری خان نے اپنا بچپن اور کئی یادگار چھٹیاں گزاری تھیں۔
اس منصوبے میں انہیں اپنی کزن رستم تیواڑی کا تعاون حاصل رہا، جبکہ یہ تاریخی جائیداد ان کے ماموں تیجندر تیواڑی کی ملکیت ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس پرتعیش ریزورٹ میں قیام کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، کیونکہ یہاں ایک رات قیام کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔ اب یہ مقام عام سیاحوں کے لیے بھی دستیاب ہے جو بالی وڈ کی اس مشہور فیملی کے تاریخی گھر کی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں۔
