پاک افغان جنگ خطے کیلئے خطرناک ہے۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سنئیر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے پاک افغان کشیدگی پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ معاملات کو طاقت کے استعمال کے بجائے گفت و شنید اور سفارتی ذرائع سے حل کریں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا برادر اسلامی ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایسے میں کسی بھی قسم کی جنگی صورتحال نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ افغانستان کے مسلمانوں کا نقصان درحقیقت پاکستان کے مسلمانوں کا نقصان ہے۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک رہے ہیں۔ لاکھوں افغان مہاجرین نے گزشتہ دہائیوں میں پاکستان میں پناہ لی اور پاکستانی عوام نے ہمیشہ اسلامی اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا۔ اس تاریخی رشتے کو کسی بھی صورت کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جذباتیت کے بجائے دانشمندانہ قیادت اور مؤثر سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ سرحدی تنازعات اور سیکیورٹی خدشات کو بات چیت، دوطرفہ مذاکرات اور مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مزید پیچیدگیوں کو جنم دیتی ہے۔ صوبائی سنئیر نائب صدر پی ٹی آئی بلوچستان نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کیلئے فعال کردار ادا کریں اور افغان قیادت کے ساتھ براہِ راست رابطوں کو فروغ دیں تاکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ ہوسکے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ دونوں ممالک کے علماء کرام، قبائلی عمائدین اور سیاسی قیادت کو بھی آگے بڑھ کر مصالحتی کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان کسی بڑے سانحے سے بچا جاسکے اور آنے والی نسلوں کو ایک پُرامن اور مستحکم خطہ فراہم کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.