
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کی ایک خطرناک سازش بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران ایک خودمختار اسلامی ملک ہے اور اس کی خودمختاری پر حملہ پوری مسلم امہ پر حملے کے مترادف ہے۔ ریاستہائے متحدہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جارحیت نے مشرقِ وسطیٰ کو ایک نئی جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ اگر فوری طور پر اس جارحیت کو نہ روکا گیا تو خطہ مزید عدم استحکام، مہنگائی، بدامنی اور انسانی بحران کا شکار ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور جنگی جنون کو روکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ بیرونی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔ طاقت کے استعمال کے بجائے سفارتی ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہر قسم کی جارحیت اور ظلم کے خلاف ہے اور مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے فعال کردار ادا کرے۔
