پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر معاشی حملہ ہے، سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بھاری اضافے پر انتہائی سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے عوام پر کھلا معاشی حملہ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کے تمام دعوے دفن کر دیے ہیں اور ہر چند روز بعد مہنگائی کا نیا بم گرا کر غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دراصل حکومت کی مکمل نااہلی اور ناکام معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حکمران اپنی شاہ خرچیاں اور عیاشیاں برقرار رکھنے کیلئے سارا بوجھ غریب عوام کے کندھوں پر ڈال رہے ہیں۔ پہلے ہی آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے عوام کو معاشی طور پر کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ یہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عام آدمی کو دیوار سے لگا دیا ہے جبکہ حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور آج ہر طبقہ فکر شدید پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس نہ لیا تو عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو جائے گا اور ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آئے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کو اس ظلم اور معاشی استحصال کے خلاف تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.