
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے صدر علی بخش جمالی، جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ، چیف آرگنائزر شمس خلجی، چیئرمین کریم بخش جاموٹ اور دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ نااہل حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور مزدور و ملازم طبقہ تاریخ کے بدترین معاشی دور سے گزر رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں اور سرکاری دفاتر کی بندش جیسے اقدامات کے ذریعے معیشت کو سہارا دینے کی کوششیں انتہائی مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ ہیں۔ اس طرح کے فیصلے نہ صرف تعلیمی نظام اور عوامی خدمات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ اس سے معاشی بحران کے حل کی کوئی سنجیدہ حکمت عملی بھی نظر نہیں آتی۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی معیشت کو سنبھالنا چاہتی ہے تو اسے سب سے پہلے مزدور اور ملازم طبقہ کو ان کا جائز مقام دینا ہوگا، کم از کم اجرت میں حقیقی اضافہ کرنا ہوگا اور محنت کشوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اور اعلیٰ طبقے کی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر پابندی عائد کئے بغیر اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائے بغیر معیشت کو وینٹی لیٹر سے ہٹانا ممکن نہیں۔انہوں نےکہا کہ مزدور طبقہ کسی بھی ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہی طبقہ سب سے زیادہ نظر انداز کیا جارہا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مزدور دوست پالیسیاں اختیار کرے، مہنگائی پر قابو پائے اور محنت کشوں کو ریلیف فراہم کرے۔ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایسی معاشی پالیسیوں کا اعلان کیا جائے جن سے مزدور اور تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف مل سکے، بصورت دیگر ملک بھر کے مزدور اپنے حقوق کے حصول کیلئے بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
