
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین اور نوجوان قائد کروڑوں پشتونوں کیلئے امید کی کرن خوشحال خان کاکڑ کا قومی اسمبلی میں خطاب پشتون قومی تحریک کی تاریخ میں ایک اہم اور تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال خان کاکڑ نے قومی اسمبلی کے فلور پر جس جرات، دلیری اور واضح مؤقف کے ساتھ پشتون قوم کے حقوق اور مسائل کی آواز بلند کی ہے، اس سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں ایک عوامی اور اصولی قیادت رکھتے ہیں۔ فقیر خوشحال کاسی نے کہا کہ خوشحال خان کاکڑ نے اپنے عظیم والد اور پشتون قومی تحریک کے شہید رہنما ملی شہید عثمان لالا کے بیٹے ہونے کا حق ادا کردیا ہے۔ انہوں نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی دباؤ، لالچ یا مفاد کے سامنے جھکنے والے نہیں بلکہ اپنے اکابرین کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پشتون قوم کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ پشتونخواہ کا مطالبہ کروڑوں پشتونوں کے دل کی آواز ہے، جس کا اظہار چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران بھرپور انداز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کی جغرافیائی، ثقافتی اور تاریخی شناخت کو مدنظر رکھتے ہوئے متحدہ پشتونخواہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت اور ناگزیر تقاضا ہے۔ فقیر خوشحال کاسی نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پشتون قوم کے آئینی، جمہوری اور قومی حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی اور اس سلسلے میں پارٹی چیئرمین خوشحال خان کاکڑ کی قیادت میں تحریک کو مزید مضبوط اور منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشتون عوام اپنے حقوق کے حصول کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کریں کیونکہ یہی راستہ روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
