
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، وائس چیئرمین حاجی موسیٰ جان اچکزئی، حاجی نصراللہ دہوار، حاجی علی محمد، حاجی ابراہیم، حاجی شمس اللہ اور دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی ناگزیر ہوچکی ہے کیونکہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکولوں اور دفاتر کو بند کرنے جیسے فیصلوں سے مہنگائی کے اثرات کم نہیں ہوں گے بلکہ اس سے عوامی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بھنور میں بری طرح پھنس چکے ہیں اور روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے کرنا ان کیلئے انتہائی مشکل ہوچکا ہے۔ ٹرانسپورٹر رہنماؤں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید بحران کا شکار ہے۔ گاڑیوں کے ایندھن، پرزہ جات اور دیگر اخراجات میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کیلئے موجودہ کرایوں پر سروس جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی نہ کی گئی تو ٹرانسپورٹرز کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے نے عوام کی عید کی خوشیاں بھی ماند کردی ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کیلئے عید کی تیاری مشکل ہوچکی ہے اور ایسے فیصلوں سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ ٹرانسپورٹر رہنماؤں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کرکے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو کسی حد تک قابو میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل نہ کئے گئے تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔
