وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع برشور کے قیام کا نوٹیفکیشن علاقے کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور عمائدین کے حوالے کیا۔

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری اسفند یار کاکڑ کی سربراہی میں ضلع برشور کے قبائلی عمائدین اور زعماء کے وفد نے ملاقات کی ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع برشور کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن علاقے کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور عمائدین کے حوالے کیا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین پر مشتمل وفد نے برشور کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں نئے انتظامی ڈویژن اور اضلاع کا قیام عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی ڈویژن اور اضلاع کے قیام سے دور دراز علاقوں میں بسنے والی آبادی کو بنیادی سرکاری خدمات کی فراہمی میں آسانی ہوگی انہوں نے کہا کہ نئے ڈویژن اور اضلاع میں فوری طور پر انتظامی افسران کی تعیناتی کی جا رہی ہے جبکہ بنیادی ڈھانچے سے محروم اضلاع میں پری فیبریکیٹڈ دفاتر اور سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کو انتظامی طور پر مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور نئے اضلاع کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور عملدرآمد مزید مؤثر ہوگا انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو سرکاری دفاتر اور انتظامیہ تک رسائی کے لیے طویل فاصلوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا جبکہ نئے اضلاع کے قیام سے مقامی سطح پر روزگار اور ترقی کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صوبے کے ہر علاقے کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
