عمران خان کی رہائی کیلئے فیصلہ کن احتجاج وقت کی ضرورت ہے۔سید صادق آغا

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر سید صادق آغا نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے عمران خان رہائی فورس کے قیام اور عید کے بعد فیصلہ کن احتجاج کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ملک میں جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے مقبول ترین رہنما عمران خان کی رہائی کیلئے ملک بھر کے کارکنان اور عوام پہلے ہی پرعزم ہیں اور اب اس تحریک کو مزید منظم انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی اور خودمختاری کی راہ پر گامزن کیا گیا، تاہم سیاسی انتقام اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں قید میں رکھنا نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ عوامی مینڈیٹ کی بھی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ہونے والا فیصلہ کن احتجاج دراصل عوامی احساسات کی ترجمانی ہوگا جس میں ملک کے کونے کونے سے لوگ شریک ہوں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور منظم انداز میں احتجاجی تحریک کیلئے خود کو تیار رکھیں تاکہ ملک میں آئین و قانون کی حقیقی حکمرانی قائم ہوسکے۔ سید صادق آغا نےکہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے کارکنان بھی اس تحریک میں بھرپور کردار ادا کریں گے اور عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوامی دباؤ کے نتیجے میں انصاف اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جائے گی اور ملک کو درپیش سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کی راہ ہموار ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.