
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں میر شیر احمد بنگلزئی، حاجی امین، سومر خان بنگلزئی اور ملک عبدالمنان بنگلزئی نے بلوچستان اسمبلی کے رکن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار عبید اللہ گورگیج کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ حلقہ پی بی 44 میں رمضان المبارک کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی راشن پیکج کی جس منصفانہ اور شفاف انداز میں تقسیم کو یقینی بنایا گیا، وہ قابلِ تقلید اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ سردار عبید اللہ گورگیج نے ذاتی دلچسپی لے کر اس امر کو یقینی بنایا کہ راشن پیکج حقیقی مستحق اور نادار خاندانوں تک پہنچے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کوئی غریب خاندان مشکلات کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام میں راشن کی منصفانہ تقسیم سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھی اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے عوامی خدمت، غریب پروری اور سماجی انصاف کی علمبردار جماعت رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے نمائندے ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے رمضان راشن پیکج کا مقصد بھی یہی تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں مستحق اور کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سردار عبید اللہ گورگیج نے اپنے حلقے میں جس ذمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اس پیکج کی تقسیم کو ممکن بنایا، وہ عوامی نمائندوں کے لیے ایک مثال ہے۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔
