عالمی عدم استحکام پاکستان کی معیشت کیلئے بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ/کراچی (زیبائے پاکستان ) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی کشیدگی خصوصاً پاک افغان سرحدی صورتحال اور خلیجی خطے میں جاری تنازعات کے باعث عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال پاکستان کی معیشت اور صنعتی شعبے کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کر سکتی ہے۔ تاہم اگر بروقت اور موثر حکمت عملی اختیار کی جائے تو ان حالات کو معاشی مواقع میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید امان شاہ نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری تنازعات کے اثرات سب سے پہلے توانائی، شپنگ اور سپلائی چین کے نظام پر مرتب ہوتے ہیں، جس کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں اضافہ اور تجارتی سرگرمیوں میں سست روی پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ براہ راست پاکستان کی صنعتوں اور برآمدی شعبے کو متاثر کرتا ہے، اس لیے حکومت اور معاشی پالیسی ساز اداروں کو صورتحال پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحدی صورتحال بھی علاقائی تجارت کے لیے ایک اہم عنصر ہے کیونکہ افغانستان نہ صرف پاکستان کی برآمدات کے لیے ایک بڑی منڈی ہے بلکہ وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی کے لیے بھی ایک اہم تجارتی راستہ تصور کیا جاتا ہے۔ اگر سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو اس سے دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ ٹریڈ اور علاقائی لاجسٹکس کے نظام پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ پاکستان کی صنعتیں پہلے ہی توانائی کے بلند نرخوں، مالیاتی دباؤ اور خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمتوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔ ایسے میں اگر خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوتا ہے تو ٹیکسٹائل، اسٹیل، کیمیکل اور فوڈ پروسیسنگ سمیت متعدد صنعتی شعبوں کی پیداواری لاگت اور برآمدی مسابقت متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر توانائی کے متبادل ذرائع، علاقائی تجارت کے فروغ اور سپلائی چین کے استحکام کیلئے جامع معاشی حکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ ملکی صنعت اور برآمدات کو درپیش ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان دانشمندانہ معاشی پالیسیوں کے ذریعے عالمی عدم استحکام کے اثرات کو کم کرتے ہوئے اپنی معیشت کو مزید مستحکم بنا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.