محکمہ خوراک ژوب کرپشن کیس، حکومتِ بلوچستان کا دو اعلی افسران کو گرفتار کرنے کا حکم۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)حکومتِ بلوچستان کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے محکمہ خوراک ژوب میں کرپشن کے سنگین الزامات کے تحت دو اعلی افسران کی گرفتاری کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کو لکھے گئے ایک مراسلے میں مجاز اتھارٹی(وزیراعلی بلوچستان) نے ان افسران کے خلاف تادیبی کارروائی اور گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ یہ کارروائی اینٹی کرپشن رولز 2011 کے سیکشن 11 کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے، جس کا مقصد سرکاری محکموں میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔گرفتاری کے لیے منظور کیے گئے افسران میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ (محکمہ خوراک)اور ایک اور سینئر عہدیدار شامل ہیں۔ ایس اینڈ جی اے ڈی کے سیکشن آفیسر(سروسز ون) محمد احمد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی فائنل رپورٹ اور تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ مراسلے کی نقول چیف سیکرٹری بلوچستان اور سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اس اہم کرپشن کیس کی پیروی اور قانونی عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.