مغربی ایشیا کشیدہ صورتحال پاکستان کیلئے معاشی خطرے کی گھنٹی ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ/کراچی (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے مغربی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال اور فوجی تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ بحران مزید طول پکڑتا ہے اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹ برقرار رہتی ہے تو پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کے سنگین بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے، ایسے میں توانائی کی ترسیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہایت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی تقریباً 80 فیصد خام تیل کی درآمدات اور 25 فیصد ایل این جی آبنائے ہرمز کے ذریعے آتی ہیں، لہٰذا اس اہم بحری گزرگاہ میں خلل براہِ راست زرمبادلہ کے ذخائر، صنعتی پیداوار اور مہنگائی کی شرح پر منفی اثر ڈالے گا۔ سید امان شاہ نے کہا کہ خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی لاجسٹکس متاثر ہو رہی ہے، بحری تجارت کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اسٹریٹیجک بحری راستوں پر جہازوں کی آمدورفت بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کیلئے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ عالمی اقتصادی استحکام کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو بھی سفارتی سطح پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
انہوں نے پاکستان کی عسکری قیادت، بالخصوص سید عاصم منیر کی سفارتی اور امن کیلئے جاری کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان خطے میں استحکام، مفاہمت اور توازن کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو نہ صرف علاقائی امن بلکہ ملکی معاشی مفادات کے تحفظ کیلئے بھی نہایت ضروری ہے۔سید امان شاہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال پاکستان کیلئے ایک بڑا چیلنج ہونے کے ساتھ ساتھ ایک موقع بھی ہے کہ وہ اپنی متوازن اور امن پسند خارجہ پالیسی کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرے، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے اور علاقائی تعاون کو فروغ دے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.