
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمران اپنے زوال کا خود سامان پیدا کر رہے ہیں اور ان کے غیر دانشمندانہ فیصلے عوامی انقلاب کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کسی بھی طور قابل قبول نہیں، اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ اشیائے خوردونوش سمیت ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے، جس کا براہ راست بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈالنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ تاریخ میں ظلم و جبر کی مثالیں ضرور ملتی ہیں، لیکن موجودہ دور میں عوام پر ڈھائے جانے والے معاشی مظالم نے ان تمام ادوار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دانستہ طور پر بھوک و افلاس کی دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے، جو ایک منظم سازش کا حصہ محسوس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم نہ کیا تو ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل سامنے آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
