ٹرانسپورٹرز کرائے بڑھانے پر مجبور ھوئے۔ ظاہر شاہ کاکڑ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور معروف ٹرانسپورٹر ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور غیر معمولی اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو کرایوں میں 40 فیصد تک اضافہ کرنا پڑا ہے، جو کہ ایک ناگزیر اقدام تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ، پشین اور لورالائی سے پنجاب اور خیبرپختونخوا جانے والی بسوں اور کوچز کے اخراجات اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ پرانے کرایوں پر سروس جاری رکھنا ممکن نہیں رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز عوام کے مسائل اور مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ ہر ممکن کوشش کرتے رہے کہ کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے، مگر پٹرول، ڈیزل، سپیئر پارٹس اور دیگر اخراجات میں ہوشربا اضافے نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کردیا۔ انھوں نے کہا۔کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے اور کئی مالکان کو گاڑیاں بند کرنے تک کی نوبت آچکی ہے۔ ظاہر شاہ کاکڑ نے عوام سے دلی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے سے ہونے والی تکلیف کو سمجھتے ہیں، تاہم ٹرانسپورٹرز مزید خسارے کا بوجھ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرایوں میں اضافے کا ذمہ دار موجودہ حکومت کی پالیسیز اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ہونے والا اضافہ ہے، جس نے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام شہریوں کی زندگی بھی شدید متاثر کر دی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوام اور ٹرانسپورٹرز دونوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.