
کوئٹہ/لاھور(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انٹرا پارٹی الیکشن کے فوراً بعد پارٹی کا باقاعدہ اسٹوڈنٹس ونگ قائم کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو ایک منظم پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے اور انہیں قومی و سیاسی دھارے میں مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور سے عزیر بلوچ کی قیادت میں آنے والے طلباء کے وفد سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی اپنے منشور میں تعلیم کو بنیادی حیثیت دیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی نوجوانوں کی فکری، تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان طویل عرصے سے محرومیوں، بے روزگاری اور تعلیمی مسائل کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ان میں مایوسی اور نااُمیدی بڑھ رہی ہے۔ تاہم عوام پاکستان پارٹی اقتدار میں آکر نہ صرف تعلیمی نظام میں بہتری لائے گی بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گی تاکہ وہ ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس ونگ کا قیام دراصل نوجوانوں کی قیادت کو آگے لانے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہوگی۔ طلباء کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ان کی ہر سطح پر رہنمائی اور سرپرستی کرے گی تاکہ ایک باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور پُرامید نسل پروان چڑھ سکے۔
