جمعرات 9 اپریل کو کوئٹہ میں بڑا احتجاج ھوگا۔ مزدور، سرکاری ملازمین اور شہری سڑکوں پرنکلیں گے۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) مہنگائی کے طوفان اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ہوشربا اضافے کے خلاف ٹریڈ یونینز نے بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے 9 اپریل بروز جمعرات صبح گیارہ بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں شہر کے مختلف سرکاری و نجی دفاتر، اداروں اور صنعتی مراکز سے ریلیاں نکالی جائیں گی جو کوئٹہ کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مرکزی مظاہرے میں شریک ہوں گی۔کیسکو لیبر یونین کے مرکزی صدر اور پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری ” پیر محمد کاکڑ ” کے مطابق پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان اور پاکستان ٹریڈ یونینز ڈیفینس کمپین کے زیر اہتمام ہونے والا یہ احتجاج موجودہ مہنگائی کے طوفان اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں انسان کش اضافے کے خلاف ایک مشترکہ اور فیصلہ کن اقدام ہے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کے صوبائی صدر علی بخش جمالی کرینگے۔ جبکہ مظاہرے سے پیر محمد کاکڑ ، نظر مینگل ، شمس خلجی اور دیگر رہنما خطاب کرینگے۔ پیر محمد کاکڑ نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں نے محنت کش طبقے، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ پہلے ہی کم اجرت، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے، اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹ، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات کی لاگت میں مزید اضافے کا سبب بن رہا ہے، جس کا براہ راست بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے۔ ان حالات میں خاموش رہنا ممکن نہیں، اس لئے ٹریڈ یونینز نے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیر محمد کاکڑ نے تمام سرکاری ملازمین، محنت کشوں، طلباء تنظیموں، وکلاء، تاجر برادری، سیاسی جماعتوں اور کوئٹہ کے باشعور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں اور موجودہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج صرف مزدوروں کا نہیں بلکہ ہر اس فرد کا ہے جو مہنگائی کے عذاب سے متاثر ہو رہا ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ متحد ہو کر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.