ریڈیو پاکستان کی سرکاری اراضی کی کمرشلائزیشن پر تشویش

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) کے عوامی و سماجی حلقوں نے مین سریاب روڈ اور احمد خان زئی روڈ کے سنگم پر واقع ریڈیو پاکستان کی قیمتی سرکاری اراضی کو کمرشلائز کرنے اور وہاں دکانیں تعمیر کرنے کی کسی بھی ممکنہ کوشش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسے عوامی مفادات پر شب خون مارنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں گورنر بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی فوری توجہ اس اہم معاملے کی جانب مبذول کروائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت بلوچستان حکومت کے درجنوں اہم محکمے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی اور شہر کی دیگر نجی رہائشی اسکیموں کے مہنگے ترین بنگلوں میں قائم ہیں، جن پر ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر کروڑوں روپے کرایہ ادا کیا جا رہا ہے۔ عوام کے ٹیکس سے حاصل ہونے والا یہ خطیر سرمایہ نجی مالکان کو منتقل ہونا قومی خزانے پر غیر ضروری بوجھ ہے، جس کا کوئی انتظامی یا اخلاقی جواز نہیں بنتا۔ اگر حکومت کے پاس اپنی اراضی موجود ہے تو پھر کرائے کی عمارتوں میں دفاتر قائم رکھنا بدانتظامی کی واضح مثال ہے۔ کیو ڈی اے کے دفتر کے ساتھ مین سریاب روڈ پر واقع تقریباً تین سے چار ایکڑ ہموار اراضی دراصل سرکاری دفاتر اور ایک جدید گورنمنٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مختص کی گئی تھی تاکہ بکھرے ہوئے سرکاری اداروں کو ایک جگہ منتقل کیا جا سکے اور کرایوں کی مد میں ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان سے بچا جا سکے۔ تاہم اطلاعات ہیں کہ اس اراضی کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرتے ہوئے دکانیں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو نہ صرف عوامی مفاد کے خلاف ہے بلکہ سپریم کورٹ کے احکامات کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، جن میں عوامی مقصد کے لیے مختص زمین کے استعمال کو تبدیل کرنے سے روکا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سریاب کو ضلع کا درجہ ملنے کے بعد یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ اس علاقے میں ضلعی ہیڈ کوارٹر اور دیگر انتظامی دفاتر قائم کیے جائیں۔ مذکورہ اراضی اس مقصد کے لیے نہایت موزوں اور مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر اسے کمرشلائز کر دیا گیا تو مستقبل میں سرکاری دفاتر کے لیے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہوگی اور شہر میں ٹریفک سمیت دیگر مسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس مبینہ کمرشل منصوبے کو روک کر یہاں “سریاب گورنمنٹ کمپلیکس” کے قیام کا اعلان کرے تاکہ سرکاری دفاتر کو ایک جگہ منتقل کر کے قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ بصورت دیگر اس عوامی اثاثے کے تحفظ کے لیے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع سمیت ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.