
کوئٹہ/ لاھور (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں عوام پاکستان پارٹی ایک امید کی کرن بن کر ابھری ہے اور ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی بحرانوں کا واحد حل عوام کے حقیقی اور مخلص رہنما شاھد خاقان عباسی کی قیادت میں ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دے اور قومی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق کا کہنا تھا کہ عوام پاکستان پارٹی نہ صرف ایک سیاسی جماعت بلکہ ایک نظریہ اور عوامی خدمت کا عزم ہے، جو ملک میں شفاف سیاست، قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں عوام پاکستان پارٹی تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم سیاسی و سماجی شخصیات پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطے کر رہی ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام روایتی سیاست سے مایوس ہو چکے ہیں اور اب ایک نئی اور مثبت قیادت کی تلاش میں ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے مزید کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، خصوصاً پانی، صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی جیسے اہم شعبوں میں بہتری کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان عوام کے درمیان جا کر ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں اپنی تنظیم کو مزید مضبوط بنائے گی اور عوامی طاقت کے ذریعے ایک مثبت اور پائیدار سیاسی تبدیلی لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
