ہزار گنجی بس ٹرمینل کی مکمل اراضی پر ٹرانسپورٹرز کا حق تسلیم کرنے کا مطالبہ

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) ممتاز ٹرانسپورٹرز حاجی میر حکمت لہڑی، حاجی میر دولت خان لہڑی، میر عبدالقادر رئیسانی اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری حاجی میر اکبر لہڑی سمیت دیگر عہدیداران حاجی موسیٰ جان اچکزئی، حاجی نصراللہ دھوار اور حاجی علی محمد نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کسی صورت ہزار گنجی بس ٹرمینل سے دستبردار نہیں ہوں گے اور کیو ڈی اے کو چاہیے کہ وہ ٹرمینل کی مکمل اراضی پر ٹرانسپورٹرز کے حق کو تسلیم کرے۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد کی روزی روٹی اسی سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے کسی بھی قسم کے یکطرفہ فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ہزار گنجی بس ٹرمینل کی اراضی پر ٹرانسپورٹرز کا دیرینہ حق ہے اور اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز کے حقوق کو تسلیم نہ کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں اور احتجاجی لائحہ عمل کو مزید وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، تاہم ان کے جائز حقوق کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) فوری طور پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کرے اور مسئلے کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اپنے حقوق کے تحفظ اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتری کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی ناانصافی کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.