
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈوں کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا، حلقہ پی بی 44 اب پاکستان پیپلز پارٹی کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے جہاں عوام نے کارکردگی اور خدمت کی سیاست پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کی سیاست کا اس حلقے میں عملاً صفایا ہو چکا ہے کیونکہ عوام اب نعروں کے بجائے عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی رہائش گاہ پر حلقے کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آنے والے وفود نے میر عبید اللہ گورگیج کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے حلقے کے عوام کے مسائل کو ترجیح دی ہے اور محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی کاموں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، پانی اور دیگر اہم منصوبوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر اپنے حلقے کی مزید ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے بے بنیاد پروپیگنڈا دراصل ان کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے، مگر عوام باشعور ہیں اور وہ حقیقت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے اور حلقہ پی بی 44 کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے وفود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد ہی ان کی اصل طاقت ہے اور وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کیلئے دن رات محنت کرتے رہیں گے۔
