
کوئٹہ/کراچی (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مالی معاونت کے طور پر ڈیپازٹ فراہم کرنا ایک انتہائی خوش آئند، بروقت اور مثبت اقدام ہے، جو پاکستان کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ دینی، تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں، جو ہر آزمائش اور مشکل وقت میں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ مالی معاونت دونوں ممالک کے درمیان گہرے اعتماد اور باہمی احترام کی واضح عکاسی کرتی ہے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ موجودہ عالمی معاشی صورتحال کے تناظر میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے دوست ممالک کی معاونت نہایت اہمیت رکھتی ہے۔سعودی عرب کا یہ اقدام پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم بنانے اور معاشی دباؤ میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نےکہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالی نظم و ضبط جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اور ایسے میں برادر اسلامی ممالک کی معاونت نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ اقتصادی بہتری کی سمت ایک اہم قدم بھی ہے۔ سید امان شاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
