
پشین (زیبائے پاکستان) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پشین کے ایکسین انجینئر ندیم پانیزئی نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی ہدایت پر محکمہ پی ایچ ای کی ٹیم کی جانب سے آکرا ڈیم سے جیوانی جانے والی مین واٹر پائپ لائن میں پیدا ہونے والی لیکیج کو بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں مرمت کرنے پر ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پی ایچ ای کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور نقص کی درست نشاندہی کے بعد مرمتی کام کا آغاز کیا۔ایکسین ندیم پانیزئی کے مطابق ٹیم نے مسلسل دو راتوں اور ایک مکمل دن انتھک محنت کرتے ہوئے شدید مشکلات کے باوجود لیکیج کو کامیابی سے دور کیا، جس کے نتیجے میں پائپ لائن مکمل طور پر بحال ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پائپ لائن کی بحالی کے بعد جیوانی، پشکان اور دیگر متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی دوبارہ معمول کے مطابق جاری ہے۔ انہوں نے بروقت کارروائی پر سیکریٹری پی ایچ ای محمد ہاشم غلزئی، متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور احساس ذمہ داری کی بدولت یہ مسئلہ کم سے کم وقت میں حل ممکن ہوا۔ ایکسین ندیم پانیزئی نے کہا کہ گزشتہ سال محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے کارکردگی کے لحاظ سے صوبے کے تمام محکموں میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جو ادارے کی مؤثر حکمت عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکرا ڈیم کی حالیہ لیکیج کے معاملے میں بھی محکمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 48 گھنٹوں کے اندر مرمتی کام مکمل کر کے عوام کو درپیش مسئلے کو فوری حل کیا۔
