ٹارگٹ کلنگ اور چوری، ڈکیتی کے واقعات نے شہریوں کا سکون چھین لیا ہے۔ میر جمیل رند

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان): ممتاز قبائلی و سماجی شخصیت ” میر جمیل رند ” نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آئے روز قتل و غارتگری، ٹارگٹ کلنگ، قبائلی دشمنیوں اور چوری ،ڈکیتی ،رہزنی کے بڑھتے ہوئے خونریز واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کا امن مسلسل خراب ہو رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جیسے اہم شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال نہ صرف عوامی زندگی کو متاثر کر رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ اور دشمنیوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ میر جمیل رند نے حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کریں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عمائدین کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے باہمی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاکہ مزید خونریزی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.