قبائلی تنازعات کیلئے بلوچ پشتون گرینڈ جرگہ ضروری ہے۔ پروفیسر حلیم صادق

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان): عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں قبائلی دشمنیوں کی بنیاد پر قتل و غارتگری کے پے در پے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے، جس سے معاشرے میں عدم تحفظ اور خوف کی فضا بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی تنازعات کا خونی دشمنیوں میں تبدیل ہونا ایک خطرناک رجحان اختیار کر چکا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور خاندانوں کے خاندان متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قبائلی تنازعات کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے سنجیدہ اور مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔انھوں نے قبائلی معتبرین، عمائدین اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر ایک گرینڈ جرگہ تشکیل دیں تاکہ تمام جاری تنازعات کو بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے اور مزید خونریزی کا راستہ روکا جا سکے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ قیام امن کیلئے ٹھوس اقدامات کریں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ بلوچستان میں بھائی چارے، ہم آہنگی اور ترقی کا سفر جاری رہ سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.