پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کا یکم مئی کو عظیم الشان جلسہ کا اعلان

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان)پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن بلوچستان کا ایک اہم اجلاس صدر علی بخش جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ نے ایجنڈا پیش کیا۔ اجلاس میں شرکاء نے تفصیلی غور و خوض کرتے ہوئے یکم مئی کو بھرپور جوش و جذبے اور مزدور یکجہتی کے ساتھ منانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں، جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ مزدور کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مزدوروں کے حقوق، درپیش مسائل اور ان کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جو جلسے کے انتظامات، شرکت کو یقینی بنانے اور پروگرام کی کامیابی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی۔اجلاس کی کارروائی چیف آرگنائزر شمس خلجی نے چلائی، جبکہ مختلف مزدور تنظیموں اور یونینز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء میں مقصود بازئی، اللہ بخش کرد، محمد زمان، امیر خان، محمد عمر جتک، نعمت کاکڑ، سجاد احمد، عبدالمجید، حاجی منور احمد، بختیار احمد، عبدالغنی، محمد رحیم، ارشد عباس ڈار، مشتاق حسین، نصیب اللہ کاکڑ، منیر احمد سولنگی، ملک سعید لہڑی، ہدایت درویش، اقبال بادینی، عزیز احمد سارنگزئی سمیت دیگر شامل تھے۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یکم مئی کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے وہ بھرپور کردار ادا کریں گے اور زیادہ سے زیادہ مزدوروں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور صرف ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ مزدوروں کے حقوق کے حصول، اتحاد و یکجہتی اور جدوجہد کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جسے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے صدر علی بخش جمالی اور سیکرٹری جنرل پیر محمد کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں مزدور طبقہ شدید مسائل کا شکار ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم مئی کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں اور ایک مضبوط پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.