
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آئے روز قتل و غارتگری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سیکورٹی اداروں کے ناکوں اور چیک پوسٹوں کی بھرمار کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کا باآسانی وارداتیں کرکے فرار ہو جانا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال نہ صرف سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے بلکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس بھی پھیل رہا ہے۔ عوام خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں اور یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور مؤثر حکمت عملی مرتب کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو بڑھایا جائے اور چیک پوسٹوں کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حالیہ واقعات میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
