
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان یونائیٹڈ ورکرز فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور کیسکو لیبر یونین کے صدر پیر محمد کاکڑ نے آئندہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں سرکاری و نیم سرکاری ملازمین اور محنت کش طبقے کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں قلیل تنخواہیں مزدور طبقے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے جبکہ تنخواہیں جمود کا شکار ہیں۔انہوں نےکہا کہ محنت کش طبقہ اس وقت شدید کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جہاں ایک طرف مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے تو دوسری جانب اجرتوں میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے مزدوروں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مزدوروں کو ریلیف فراہم کرے۔ پیر محمد کاکڑ نے کہا کہ اگر آئندہ بجٹ میں تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا گیا تو محنت کش طبقے میں شدید بے چینی پیدا ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مزدور دوست پالیسیاں تشکیل دے، کم از کم اجرت میں نمایاں اضافہ کرے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے تاکہ محنت کش طبقہ باعزت زندگی گزار سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مزدوروں کے جائز مطالبات کو نظر انداز کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
