
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ اور صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق کے درمیان کوئٹہ میں ایک اہم مشترکہ تنظیمی نشست منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات، تنظیمی امور، ممبر سازی مہم اور صوبائی سطح پر پارٹی کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئ. صوبائی اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پارٹی کی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے انٹرا پارٹی انتخابات عیدالاضحیٰ کے فوراً بعد منعقد کیے جائیں گے، جبکہ صوبائی جنرل کونسل کے 72 ممبران کا انتخاب جدید ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پارٹی کے اندر جمہوری روایات کو مضبوط بنانے اور کارکنوں کو فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کیلئے جدید اور شفاف انتخابی نظام ناگزیر ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کو صوبے کی ایک مضبوط، منظم اور عوامی سیاسی قوت بنانے کیلئے تمام اضلاع میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نوجوانوں، تعلیم یافتہ طبقے اور سیاسی کارکنوں کو آگے لاتے ہوئے بلوچستان میں مثبت اور جمہوری سیاست کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد سے نہ صرف کارکنوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا بلکہ پارٹی میں میرٹ، شفافیت اور جمہوری اقدار کو فروغ ملے گا۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں ممبر سازی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اور سیاسی کارکن پارٹی پلیٹ فارم کا حصہ بن سکیں۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان جدید سیاسی تقاضوں کے مطابق تنظیمی ڈھانچے کو فعال اور مضبوط بنانا چاہتی ہے، اسی لیے پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر ڈیجیٹل سسٹم کے تحت جنرل کونسل کے ممبران کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن ہی اصل طاقت ہیں اور تمام فیصلے مشاورت اور جمہوری اصولوں کے تحت کیے جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ بلوچستان کے باشعور نوجوان، خواتین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سیاسی عمل میں متحرک کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جولائی کے مہینے تک صوبائی جنرل کونسل اور تمام صوبائی عہدیداروں کے انتخاب کا عمل مکمل کرلیا جائے گا تاکہ پارٹی آئندہ سیاسی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے بھرپور انداز میں میدان عمل میں آسکے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان صوبے کے عوام کے مسائل، نوجوانوں کی بے روزگاری، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مؤثر آواز بلند کرتی رہے گی اور تنظیمی سطح پر پارٹی کو ہر ضلع اور تحصیل تک فعال بنایا جائے گا۔
