چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا جامعہ بلوچستان کا دورہ، وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب میں شرکت

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)جامعہ بلوچستان میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور جامعہ کا دورہ بھی کیا۔

وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور جامعہ کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان میں تدریس و تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے “نیشنل نیٹ ورک آف کوالٹی اشورنس ان ہائیر ایجوکیشن” یعنی NNQAHE کی آفیشل ویب سائٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

یہ ویب سائٹ ملک بھر کی جامعات میں معیارِ تعلیم کو یقینی بنانے اور ڈیٹا شیئرنگ کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔
چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نےفیکلٹی، ڈینز اور ڈائریکٹر سے اپنے خطاب میں جامعہ بلوچستان کی ترقی، تعلیمی معیار میں بہتری اور وائس چانسلر کی قیادت میں ہونے والی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

چیئرمین ایچ ای سی نے اپنے دورے کے دوران جامعہ کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور فیکلٹی ممبران سے ملاقات بھی کی۔

تقریب کے دوران منتخب طلبہ و طالبات میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ لورالائی ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وائس چانسلر جامعہ تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن احسن بلوچ، ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر ،منیر احمد پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ، افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اخترکا جامعہ بلوچستان کا دورہ، وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریب میں شرکت کیا.

