قلات(زیبائے پاکستان)قلات کے محلہ خیل سے تعلق رکھنے والے مرحوم عبدالستار نیچاری کے قتل کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم ان کے اہلِ خانہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ ورثا کے مطابق واقعے کے بعد متعدد احتجاج، سرکاری دفاتر کے چکر، پولیس حکام سے ملاقاتیں اور پریس کانفرنسوں کے باوجود نہ تو مرکزی ملزم گرفتار ہو سکا اور نہ ہی متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکا۔
مرحوم عبدالستار نیچاری ایک محنتی، دیانتدار اور اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے۔ وہ بڑے ٹرکوں کی ڈرائیونگ کرکے اپنے اہلِ خانہ کی ضروریات پوری کرتے تھے۔ ان کی زندگی کا بیشتر حصہ محنت، رزقِ حلال اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کی جدوجہد میں گزرا۔ اہلِ علاقہ کے مطابق عبدالستار ایک شریف النفس اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے جن کی اچانک اور المناک موت نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔
ورثا کے مطابق مقتول کے پڑوسی سلام، جو محکمہ پولیس میں ملازم تھا، نے عبدالستار کی بیٹی کے لیے رشتہ بھیجا تھا۔ خاندان کا مؤقف ہے کہ سلام پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس کی ایک بیٹی بھی تھی، جبکہ اس کے کردار اور رویے کے حوالے سے بھی خاندان کو تحفظات لاحق تھے۔ انہی وجوہات کی بنا پر عبدالستار اور ان کے اہلِ خانہ نے یہ رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
مقتول عبدالستار کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید انکشاف کیا کہ سلام کی جانب سے بھیجے گئے رشتے کو مسترد کیے جانے کے کچھ عرصے بعد عبدالستار نے اپنی بیٹی کی منگنی ایک دوسرے خاندان میں طے کر دی تھی ان کے مطابق اسی دوران سلام کی جانب سے متعدد بار دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا انہوں نے دعوی کیا کہ بعد ازاں پیش آنے والے واقعات نے ان کے خدشات کو درست ثابت کر دیا مقتول کے بھائی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حساس معاملے پر علاقے کی بااثر سماجی شخصیات قبائلی عمائدین اور مزہبی حلقوں کی جانب سے بھی خاطر خواہ ردعمل سامنے نہیں آیا انہوں نے سوال اٹھایا کہ کہ اگر واقی ایک منگنی شدہ لڑکی کو اس کی مرضی اور خاندان کی رضامندی کے بغیر لے جایا گیا ہے تو اس معاملےپر مزہبی اور سماجی رہنماؤں کو اپنا موقف واضح کرنا چاہیے
اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ رشتہ مسترد ہونے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور بعد ازاں سلام نے مبینہ طور پر عبدالستار کی بیٹی کو اغوا کیا۔ ورثا کا مزید دعویٰ ہے کہ اسی تنازعے کے دوران عبدالستار کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد عبدالستار کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ پر مقتول کی لاش رکھ کر دھرنا دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
احتجاج کے دوران پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچے۔ ورثا کے مطابق اس وقت کے ایس پی قلات زاہد حسین شاہ نے مظاہرین اور مقتول کے اہلِ خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا اور مقدمے کی تحقیقات میرٹ پر مکمل کی جائیں گی۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسی یقین دہانی کے بعد انہوں نے احتجاج ختم کیا اور مرحوم عبدالستار کی تدفین کر دی۔
تاہم تین ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود صورتحال میں کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے بارہا رجوع کیا، مگر انہیں صرف یقین دہانیاں ملتی رہیں۔ خاندان کے افراد کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں لیکن اب تک انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔
انصاف نہ ملنے پر متاثرہ خاندان نے بالآخر کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں مقتول کے اہلِ خانہ بالخصوص خواتین نے بھی شرکت کی۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے حکومت بلوچستان، پولیس حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ ان کے کیس کا نوٹس لیا جائے اور ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔اج
25 جون 2026 کو صحافی شاہد مینگل نے مقتول عبدالستار نیچاری کے اہلِ خانہ سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی۔ اس موقع پر مرحوم کے بڑے اور چھوٹے بھائی سمیت دیگر رشتہ داروں سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران اہلِ خانہ نے اپنے تحفظات، مشکلات اور انصاف کے حصول کے لیے جاری جدوجہد سے آگاہ کیا۔
گفتگو کے دوران جب مرحوم کے بڑے بھائی سے سوال کیا گیا کہ قلات میں پریس کلب موجود اور فعال ہونے کے باوجود انہوں نے مقامی سطح پر پریس کانفرنس کیوں نہیں کی، تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا:
“میرے بھائی کے قتل اور میری بھتیجی کے مبینہ اغوا کو تین ماہ گزر چکے ہیں، لیکن اس پورے عرصے میں نہ کسی صحافی نے ہماری داد رسی کی، نہ کسی قبائلی رہنما نے رابطہ کیا اور نہ ہی کسی سماجی یا مذہبی شخصیت نے ہمارے گھر آ کر ہمارا حال پوچھا۔ آپ پہلے شخص ہیں جو ہمارے گھر آئے اور ہماری بات سنی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بعض مقامی رپورٹس میں حقائق کی درست جانچ پڑتال کے بغیر خبریں شائع کی گئیں، جس سے خاندان کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق بعض اطلاعات میں مقتول عبدالستار کے بارے میں غلط تاثر پیش کیا گیا جبکہ مبینہ ملزم کے حوالے سے بھی غیر مصدقہ معلومات نشر کی گئیں، جس کے باعث ان کا مقامی میڈیا پر اعتماد متاثر ہوا۔
مرحوم کے بھائی کا کہنا تھا کہ انہی وجوہات کی بنا پر خاندان نے فیصلہ کیا کہ اپنی آواز کوئٹہ پریس کلب کے ذریعے بلند کی جائے تاکہ ان کا مؤقف عوام، حکومت اور متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ قلات میں پریس کانفرنس کرتے تو انہیں یقین نہیں تھا کہ ان کی بات مکمل طور پر عوام تک پہنچ پاتی۔
متاثرہ خاندان نے حکومت بلوچستان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر قلات اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالستار نیچاری قتل کیس اور ان کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ملزم یا ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔
ورثا کا کہنا ہے کہ انصاف میں تاخیر نہ صرف ان کے زخموں کو مزید گہرا کر رہی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں انصاف فراہم کریں گے تاکہ ایک بے گناہ شہری کے خون کا حساب لیا جا سکے اور قانون کی بالادستی قائم ہو سکے۔
