کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر اور معروف ٹرانسپورٹر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی نے بلوچستان کی مختلف قومی شاہراہوں پر نامعلوم افراد کی جانب سے مسافر گاڑیوں پر تواتر کے ساتھ جاری فائرنگ کے واقعات پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہیں بلکہ یہ صوبے میں سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کے جان و مال کو شدید خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی شاہراہیں عوام کی آمدورفت اور ملکی معیشت کی شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہیں، مگر حالیہ واقعات کے باعث مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں، ایسے واقعات کے ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت میں لائے جائیں اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی نے وفاقی اور بلوچستان حکومت، وزارت داخلہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی تمام قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، حساس مقامات پر گشت میں اضافہ کیا جائے، جدید نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے اور مسافر گاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ عوام بلاخوف و خطر سفر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر برادری ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کرتی آئی ہے، تاہم مسلسل پیش آنے والے ایسے افسوسناک واقعات سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کا شعبہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں اور عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ امن و امان کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی ہر اس اقدام کی حمایت کرے گی جو عوام کے جان و مال کے تحفظ، شاہراہوں کے امن اور بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اٹھایا جائے گا۔
