کوئٹہ (زیبائے پاکستان) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر ثناء بلوچ نے ڈاکٹر عائشہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور موجودہ حالات سے متعلق عوام کے احساسات اور جذبات کسی ایک فرد تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کے مختلف طبقات میں یکساں پائے جاتے ہیں۔
ایک بیان میں ثناء بلوچ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں معزز، عمر رسیدہ اور ریٹائرڈ ڈاکٹر عائشہ نے اپنی پریس کانفرنس میں حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کی، ان کے بیان میں شدت ہوسکتی ہے اور بعض حوالوں سے ان کے مؤقف سے اختلاف بھی کیا جاسکتا ہے، تاہم اختلافِ رائے کا جواب گرفتاری کی صورت میں نہیں دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ کی گرفتاری قابلِ مذمت ہے، کسی بزرگ خاتون کو صرف اپنے احساسات اور خیالات کے اظہار پر زیرِعتاب لانا نہ اخلاقاً مناسب ہے اور نہ ہی سیاسی دانشمندی کا تقاضا ہے۔
ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے بیانیے، کردار اور طرزِ عمل پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے اور خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ آخر بلوچستان میں ایک عمر رسیدہ ریٹائرڈ سرکاری افسر بھی حکومتی پالیسیوں سے اس قدر نالاں کیوں نظر آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاستوں کی مضبوطی اختلافِ رائے کو دبانے میں نہیں بلکہ اسے برداشت کرنے، سننے اور اس سے سیکھنے میں ہوتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ تنقید کو دشمنی سمجھنے کے بجائے عوامی احساسات اور تحفظات کو سمجھنے کی کوشش کرے۔
