ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری قابلِ مذمت، فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے ، بی این پی۔

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی بیان میں سابق پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں مبینہ اغوا نما گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی اور مقدمہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بی این پی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کی پریس کانفرنس کے بعد گرفتاری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ بلوچستان میں آزادی اظہارِ رائے پر قدغنیں عائد کی جا رہی ہیں۔ بیان کے مطابق بلوچستان کی روایات میں خواتین، چادر اور چار دیواری کے احترام کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، تاہم خواتین کی گرفتاری اور مبینہ طور پر لاپتہ کیے جانے کے واقعات ناقابلِ برداشت ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایسے اقدامات سے بلوچستان کے حالات مزید بحرانوں سے دوچار ہونے کا خدشہ ہے اور منفی طرزِ عمل سے معاشرے میں مزید نفرتیں جنم لے سکتی ہیں۔ بی این پی نے کہا کہ بلوچ قوم نے ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور چادر و چار دیواری کے تقدس کے معاملے پر کبھی مصلحت سے کام نہیں لیا اور آئندہ بھی قومی اقدار کا دفاع جاری رکھے گی۔

مرکزی بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض نے اپنی پریس کانفرنس میں جن خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا تھا، حکومت کو چاہیے تھا کہ ان کا جواب دیتے ہوئے حقائق عوام کے سامنے لاتی، تاہم اس کے برعکس مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا، جو حکومتی طرزِ عمل پر سوالیہ نشان ہے۔

بی این پی نے ماضی میں طاقت کے استعمال کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کو فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے، ان کے خلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے اور انہیں رہا کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.