بلوچستان میں تاریخی پس منظر اور حقائق بیان کرنے والی خاتون کو دہشت گردی سے جوڑ دیا گیا ، ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر۔

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر نے سابق پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کی گرفتاری نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ قابلِ شرم بھی ہے۔ ایک خاتون صرف تاریخی پس منظر اور حقائق بیان کر رہی تھیں، مگر انہیں بھی دہشت گردی کے مقدمات سے جوڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض نے مستونگ میں باغات کو دہشت گردی سے جوڑنے اور ان کے خاتمے سے متعلق دیے گئے بیان کی مذمت کی تھی، جس پر انہیں گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

جلیلہ حیدر نے کہا کہ دہشت گردی کے قوانین کا جس قدر ہر معاملے میں بے جا اطلاق کیا جائے گا، یہ قوانین اپنی حیثیت اور وقعت اتنی ہی کھوتے جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز فوری طور پر واپس لی جائیں اور انہیں رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض خود طویل عرصے تک پولیس سرجن کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں، تو پھر سوال یہ ہے کہ وہ کب سے دہشت گرد ہوگئیں؟ ایک خاتون کے اظہارِ خیال کو دہشت گردی سے جوڑنا قابلِ تشویش امر ہے۔

ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر نے کہا کہ ریاستی اقدامات کے نتائج پر بھی غور کرنا چاہیے۔ کیا حکام سمجھتے ہیں کہ کانٹے بو کر اناج کی فصل حاصل کی جاسکتی ہے؟ انہوں نے زور دیا کہ اختلافِ رائے اور تنقید کا جواب مقدمات اور گرفتاریوں کے بجائے مکالمے اور دلیل سے دیا جانا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.