ڈاکٹر عائشہ فیض اور عبدالحکیم زرین کی گرفتاری قابل مذمت، مقدمات فوری واپس لے کر رہا کیا جائے، علی احمد کرد۔

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی کے چیئرمین علی احمد کرد اور راحب خان بلیدی نے ریٹائرڈ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتاری اور کوئٹہ بار کے سینئر ممبر و آئی ایل ایف بلوچستان کے جنرل سیکریٹری عبدالحکیم زرین کو ان کے چیمبر سے گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دونوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ محض ایک پریس کانفرنس کو بنیاد بنا کر ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنا اور انہیں گرفتار کرنا قابل تشویش ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ ملک میں جمہوری آزادیوں اور اظہارِ رائے کے حق کو محدود کیا جا رہا ہے۔

علی احمد کرد اور راحب خان بلیدی نے کہا کہ تقریباً 60 سالہ ڈاکٹر عائشہ فیض کا تعلق بلوچستان کے صفِ اول کے اکابرین کے خاندان سے ہے، اس کے باوجود مبینہ طور پر رات کے اندھیرے میں ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتاری عمل میں لانا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں اور جمہوری حکومت کے دعوے اپنی جگہ، تاہم عملی اقدامات سے شہری آزادیوں اور اظہارِ رائے کے حوالے سے سنگین خدشات جنم لے رہے ہیں۔ کسی شہری کو محض اپنی رائے کے اظہار یا پریس کانفرنس کرنے پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

وکلاء رہنماؤں نے کوئٹہ بار کے سینئر ممبر اور آئی ایل ایف بلوچستان کے جنرل سیکریٹری عبدالحکیم زرین کی ان کے چیمبر سے گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کو بھی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران قانونی تحفظ اور آزادی حاصل ہونی چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر واپس لے کر انہیں رہا کیا جائے جبکہ عبدالحکیم زرین کو بھی فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اظہارِ رائے، جمہوری آزادیوں اور قانون کی بالادستی کا تحفظ ریاست اور تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.