گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم پر مسلح افراد کا حملہ، مشینری نذرِ آتش، مسجد کی بے حرمتی کا الزام

0

لینڈ مافیا اور بھتہ خور عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ملک عبدالرشید بنگلزئی، فیض اللہ خلجی اور میر جہانگیر لانگو کا پریس کانفرنس

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم کی انتظامیہ نے جبل نور کے مقام پر واقع ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ طور پر مسلح افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ، مزدوروں پر تشدد، بھاری مشینری کو آگ لگانے اور مسجد کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام سے ملزمان کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی جا چکی ہے، جبکہ اس سے قبل بھی تعمیراتی کام میں رکاوٹیں ڈالنے اور مبینہ طور پر بھتہ طلب کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں

کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم کے سی ای او ملک عبدالرشید بنگلزئی، فیض اللہ خلجی اور انٹرنیشنل اوورسیز اکنامک کوریڈور بلوچستان کے صوبائی صدر میر جہانگیر لانگو نے کہا کہ المعروف گروپ کوئٹہ کا ایک معروف تعمیراتی گروپ ہے، جو شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی منصوبے متعارف کرا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں کوئٹہ کے تاریخی علاقے جبل نور کے مقام پر گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم شروع کی گئی، جس پر گزشتہ اڑھائی سال سے کام جاری ہے اور اسکیم کی سڑکوں کی تعمیر تقریباً 70 فیصد مکمل ہو چکی ہے بدقسمتی سے بعض مبینہ قبضہ مافیا اور بلیک میلر عناصر منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں ان عناصر نے متعدد مرتبہ تعمیراتی کام میں مصروف مشینری کے ٹھیکیداروں سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کرنے کی کوشش کی، تاہم انتظامیہ نے ان دباؤ کو قبول نہیں کیا

اسکیم کے قریب قائم ایک اہم سرکاری اکیڈمی کی جانب سے بھی متعلقہ عناصر کی سرگرمیوں پر شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔پریس کانفرنس کے شرکاء نے الزام عائد کیا کہ 21 اکتوبر کو صبح تقریباً نو بجے متعدد مسلح افراد بھاری اسلحے کے ساتھ ہاؤسنگ اسکیم میں داخل ہوئے، جہاں انہوں نے موقع پر موجود مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بھاری مشینری کو آگ لگا دی۔ ان کے مطابق واقعے کے دوران اسکیم میں قائم مسجد کو بھی نذرِ آتش کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہاں موجود قرآن پاک کے نسخے بھی جل کر شہید ہو گئے۔

انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں نہ صرف تعمیراتی سرگرمیوں بلکہ مذہبی مقامات کے تقدس اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بھی سنگین تشویش کا باعث ہیں

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان، سکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صوبائی دارالحکومت میں مبینہ بھتہ خوری، قبضہ مافیا اور بلیک میلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔مقررین نے الزام لگایا کہ مذکورہ عناصر اپنے مبینہ ناجائز مطالبات منوانے کے لیے قومی شاہراہیں بند کرکے حکومت اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاامتیاز کارروائی کریں تاکہ سرمایہ کاروں، تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور عام شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کیو ڈی اے) سے منظور شدہ ہے اور انتظامیہ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے پْرعزم ہے۔

سرمایہ کاروں اور اسکیم میں حصہ لینے والے معززین کو کسی قسم کی تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، منصوبے پر کام جاری رکھنے اور اسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گیکہ گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم انٹرنیشنل اوورسیز اکنامک کوریڈور کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس کا آغاز کوئٹہ سے کیا گیا۔ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کوریڈور کے چیئرمین مصطفیٰ انصاری نے بھی شرکت کی تھی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ چند عناصر کو مبینہ طور پر ذاتی مفادات کی خاطر اس منصوبے کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور معاملے کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا

انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور گرینڈ جاوی ہاؤسنگ اسکیم سمیت کوئٹہ میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.