سردار نثار علی ہزارہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان ) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں وفد نے امام بارگاہ نچاری علمدار روڈ جا کر سابق صوبائی وزیرِ تعلیم سردار نثار علی ہزارہ کے انتقال پر سردار حیدر اور دیگر اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ وفد نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفد میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے چیئرمین سید یاسین آغا، ترجمان کاشف حیدری، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات کلیم اللہ داوی، ہزارہ ٹاؤن کے تاجر رہنما قاسم رضا، ممبر سپریم کونسل الیاس ہزارہ، آفس سیکرٹری سلطان خلجی سمیت دیگر رہنما اور تاجر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا نے کہا کہ سردار نثار علی ہزارہ ایک باوقار، سنجیدہ اور عوام دوست سیاسی و سماجی شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت اور اپنے علاقے و صوبے کی بہتری کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی وفات سے بلوچستان ایک مخلص، باصلاحیت اور مدبر شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردار نثار علی ہزارہ نے بطور منتخب عوامی نمائندہ اور صوبائی وزیرِ تعلیم اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیے۔ بالخصوص تعلیم کے شعبے میں ان کی خدمات اور کاوشیں قابلِ قدر ہیں، جبکہ عوامی مسائل کے حل، سماجی معاملات میں مثبت کردار اور لوگوں کی خدمت کے حوالے سے بھی ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید عبدالقیوم آغا نے کہا کہ سردار نثار علی ہزارہ نے مشکل حالات میں بھی بردباری، حوصلے اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا۔ وہ نہ صرف اپنی برادری بلکہ بلوچستان کے وسیع تر عوامی حلقوں میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ ان کی شخصیت میں عوامی خدمت، رواداری اور انسان دوستی نمایاں تھی اور یہی اوصاف ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سردار نثار علی ہزارہ کی وفات ایک بڑا قومی و صوبائی نقصان ہے، جس کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوسکے گا۔ ان کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا اور آنے والی نسلیں بھی ان کی خدمات کو یاد رکھیں گی۔ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان سردار نثار علی ہزارہ کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.