گنداخہ (زیبائے پاکستان)بلوچستان میڈیا فورم اوستہ محمد کے صدر اور گنداخہ پریس کلب کے صدر ساجد علی میجر جمالی نے بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم ، جنرل سیکرٹری میر اللہ داد رند سمیت تمام ساتھیوں کو صوبے بھر کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور صحافتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اور کہا ہے۔ کہ بلوچستان میڈیا فورم صوبے میں تیزی سے وسعت اختیار کرنے والی ایک مؤثر صحافتی تنظیم ہے، جس نے بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والےصحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مرکزی صدر قیوم بلوچ کی مدبرانہ قیادت پر فخر ہے۔ان کی بہترین رہنمائی، مثبت سوچ اور صحافیوں کو متحد رکھنے کے لیے مخلصانہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کی قیادت میں بلوچستان میڈیا فورم صحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے، ان کے حقوق کے تحفظ اور صحافتی برادری کے اتحاد و یکجہتی کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔میجر جمالی نے کہا کہ بلوچستان بھر کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط صحافتی اتحاد ہی صحافیوں کے وقار، آزادیِ صحافت اور بنیادی حقوق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میڈیا فورم کو مزید فعال، مضبوط اور منظم بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور صوبے بھر کے صحافیوں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔
