کوئٹہ(زیبائے پاکستان) قبائلی و سیاسی رہنما میر خیر اللہ جتک نے ممتاز قبائلی شخصیت اور جتک قوم کے روح رواں حاجی میر عبدالرحیم جتک کی قبائلی، سماجی اور عوامی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جتک قوم کو حاجی میر عبدالرحیم جتک جیسی باوقار، مخلص اور خدمت گزار شخصیت پر فخر ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کی فلاح و بہبود، اتحاد و اتفاق، قبائلی روایات کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ انکے والد حاجی میر خدائیداد خان جتک مرحوم نے بھی اپنی زندگی قوم کیلئے وقف کر رکھی تھی۔اور حاجی میر عبدالرحیم جتک اپنے والد کے نقش قدم پر چل کر جتک قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے مشکل حالات میں قوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے۔ ان کی قبائلی بصیرت، سیاسی و سماجی شعور، خلوص اور بے لوث خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دی اور قوم کو متحد رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ میر خیر اللہ جتک نے کہا کہ حاجی میر عبدالرحیم جتک کی خدمات صرف جتک قوم تک محدود نہیں بلکہ دیگر اقوام کے لیے بھی ان کی سماجی و قبائلی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ قبائلی ہم آہنگی، باہمی احترام، بھائی چارے اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ان کے دروازے ہر طبقے اور ہر قوم کے افراد کے لیے کھلے رہے ہیں۔انہوں نےکہا کہ معاشرے میں ایسی شخصیات کسی نعمت سے کم نہیں جو اپنی زندگی قوم و عوام کی خدمت اور اجتماعی فلاح کے لیے گزارتی ہیں۔ حاجی میر عبدالرحیم جتک کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان کا کردار ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔قوم کو چاہیے کہ وہ اپنے ایسے مخلص اور خدمت گزار بزرگوں کی قدر کرے اور ان کے تجربات و رہنمائی سے استفادہ کرتے ہوئے اتحاد و اتفاق کی روایت کو مزید مضبوط بنائے۔ انھوں نے کہا کہ جلد ایک قومی جرگہ بلایا جائے گا۔
